یہاں سے چوتھا خطبہ شروع ہوتا ہے۔
یہ جنگِ اُحُد کے بعد نازل ہوا ہے اور اس میں جنگِ اُحُد پر تبصرہ کیا گیا
ہے۔ اُوپر کے خطبہ کو ختم کرتے ہوئے آخر میں ارشاد ہوا
تھا کہ”ان کی کوئی تدبیر تمہارے خلاف کارگر نہیں ہو سکتی بشرطیکہ تم صبر سے
کام لو اور اللہ سے ڈر کر کام کرتے رہو۔“ اب چونکہ اُحُد کے میدان میں
مسلمانوں کی شکست کا سبب ہی یہ ہوا کہ ان کے اندر صبر کی بھی کمی تھی اور
ان کے افراد سے بعض ایسی غلطیاں بھی سرزد ہوئی تھیں جو خدا ترسی کے خلاف
تھیں، اس لیے یہ خطبہ جس میں اُنھیں اِن کمزوریوں پر متنبہ کیا گیا ہے ،
مندرجہٴ بالا فقرے کے بعد ہی متصلاً درج کیا گیا۔ اس خطبے کا انداز بیان یہ ہے کہ جنگِ اُحُد کے سلسلہ
میں جتنے اہم واقعات پیش آئے تھے ان میں سے ایک ایک کو لے کر اس پر چند جچے
تُلے فقروں میں نہایت سبق آموز تبصرہ کیا گیا ہے۔ اس کو سمجھنے کے لیے اس
کے واقعاتی پس منظر کو نگاہ میں رکھنا ضروری ہے۔
|