اس رکوع کو چھاپیں

سورة الاعراف حاشیہ نمبر۲۳

 یعنی حقیقت کے اعتبار سے تو خدا کی پیدا کردہ تمام چیزیں دنیا کی زندگی میں بھی اہل ایمان ہی کے لیےہیں، کیونکہ وہی خدا کی وفادار رعایا ہیں اور حقَ نمک صرف نمک حلالوں ہی کو پہچانتا ہے۔ لیکن دنیا کا موجودہ انتظام چونکہ آزمائش اور مہلت کے اصول پر قائم کیا گیا ہے، اس لیے یہاں اکثر خدا کی نعمتیں نمک حراموں پر بھی تقسیم  ہوتی رہتی ہیں اور بسا اوقات نمک حلالوں سے بڑھ کر انہیں  نعمتوں سے نواز دیا جاتا ہے۔ البتہ آخرت میں (جہاں کا سارا  انتظام خالص حق کی بنیا دپر ہوگا) زندگی کی آرائشیں اور رزق  کے طیبات سب کے سب محض نمک حلالوں کے لیے مخصوص ہوں گے اور وہ نمک حرام ان میں سے کچھ نہ پا سکیں گے جنہوں نے اپنے رب کے رزق پر پلنے کے بعد اپنے رب ہی کے خلاف سر کشی کی۔