اس رکوع کو چھاپیں

سورة یوسف حاشیہ نمبر۵۳

اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یوسف ؑ  کے بعد ان کے بھائی کو بھیجتے وقت حضرت یعقوب ؑ کے دل پر کیا کچھ گزر رہی ہوگی۔ گو خدا پر بھروسہ تھا اور صبر و تسلیم میں ان کا مقام نہایت بلند تھا۔ مگر پھر بھی تھے تو انسان ہی۔ طرح طرح کے اندیشے دل میں آتے ہوں گے اور رہ رہ کر اس خیال سے کانپ اٹھتے ہوں گے کہ خدا جانے اب اس لڑکے کی صورت بھی دیکھ سکوں گا یا نہیں اسی لیے وہ چاہتے ہوں گے اپنی حد تک احتیاط میں کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے۔
                یہ احتیاطی مشورہ کے مصر کے دارلسلطنت میں یہ سب بھائی ایک دروازے سے نہ جائیں ، اُن سیاسی حالات کا تصور کرنے سے صاف سمجھ میں آجاتا ہے جو اس وقت پائے جاتے تھے۔ یہ لوگ سلطنت مصر کی سرحد پر آزاد قبائلی علاقے کے رہنے والے تھے۔ اہل مصر اس علاقے کے لوگوں کو اسی شبہہ کی نگاہ سے دیکھتے ہوں گے جس نگاہ سے ہندوستان کی برطانوی حکومت آزاد سرحدی علاقے والوں کو دیکھتی رہی ہے۔ حضرت یعقوب ؑ کو اندیشہ ہوا ہوگا کہ اس قحط کے زمانہ میں اگر یہ لوگ ایک جتھا بنے ہوئے وہاں داخل ہوں گے تو شاید انہیں مشتبہ سمجھا جائے اور یہ گمان کیا جائے کہ یہ یہاں لوٹ مار کی غرض سے آئے ہیں ۔ پچھلی آیت میں حضرت یعقوب ؑ کا یہ ارشاد کہاِلَّا یہ کہ کہیں تم گھیر ہی لیے جاؤ۔ اس مضمون کی طرف خود اشارہ کررہا ہے کہ یہ مشورہ سیاسی اسباب کی بنا پر تھا۔