اس رکوع کو چھاپیں

سورة الحجر حاشیہ نمبر٦

یعنی یہ ”ذکر“ جس کے لانے والے کو تم مجنون کہہ رہے ہو، یہ ہمارا نازل کیا ہوا ہے، اس نے خود نہیں گھڑا ہے۔ ا س لیے یہ گالی اس کو نہیں  ہمیں دی گئی ہے۔ اور یہ خیال تم اپنے دل سے نکال دو کہ تم اِس ”ذکر“ کا کچھ بگاڑ سکو گے۔ یہ براہِ راست ہماری حفاظت میں ہے ۔ نہ تمہارے مٹائے مٹ سکے گا ، نہ تمہارے دبائے دب سکے گا، نہ تمہارے طعنوں اور اعتراضوں سے اس کی قدر گھٹ سکے گی، نہ تمہارے روکے اس کی دعوت رُک سکے گی، نہ اس میں تحریف اور ردو بدل کرنے کا کبھی کسی کو موقع مل سکے گا۔