اس رکوع کو چھاپیں

سورة المعارج حاشیہ نمبر۲۳

اس سے نماز کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ جس بلند سیرت و کردار کے لوگ خدا کی جنت کے مستحق قرار دیے گئے ہیں ان کی صفات کا ذکر نماز ہی سے شروع اور اسی پر ختم کیا گیا ہے۔ نمازی ہونا اُن کی پہلی صفت ہے، نماز کا ہمیشہ پابند رہنا ا ن کی دوسری صفت، اور نماز کی حفاظت کرنا اُن کی آخری صفت ۔ نمازکی حفاظت سے بہت سی چیزیں مراد ہیں۔ وقت پر نامز ادا کرنا ۔نماز سے پہلے یہ اطمینان کر لینا کہ جسم اور کپڑے پاک ہیں۔باوضو ہونا اور وضو میں اعضاء کو اچھی طرح دھونا ۔ ارکان اور واجبات اور مستجباتِ نماز کو ٹھیک ٹھیک ادا کرنا ۔ نماز کے آداب کو پوری طرح ملحوظ رکھنا۔خدا کی نا فرمانیاں کر کےاپنی نمازوں کو ضائع نہ کرنا ۔ یہ سب چیزیں نمازکی حفاظت میں شامل ہیں۔