اس رکوع کو چھاپیں

سورۃ الدھر حاشیہ نمبر۲۶

اصل الفاظ ہیں کَانَ سَعْیَکُمْ مَّشْکُوْرًا۔ یعنی تمہاری سعی مشکور ہوئی۔ سَعی سے مراد وہ پُورا کا رنامہ حیات ہے جو بندے نے دنیا میں انجام دیا۔ جن کاموں میں اس نے اپنی محنتیں اور جن مقاصد کے لیے اس نے اپنی کوشش صرف کیں اُن سب کا مجموعہ اُ س کی سعی ہے اور اس کے مشکور ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں وہ قابلِ قرار پائی ۔ شُکریہ جب بندے کی طرف سے خدا کے لیے ہو تو اس سے مراد اس کی نعمتوں پر احسان مندی ہوتی ہے، اور جب خدا کی طرف سے بندے کے لیے ہو تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کی خدمات کی قدر فرمائی۔ آقا کی یہ بہت بڑی عنایت ہے کہ بندہ جب اس کی مرضی کے مطابق اپنا فرض انجام دے تو وہ اس کا شکر یہ ادا کرے۔