اس رکوع کو چھاپیں

سورۃ الدھر حاشیہ نمبر۳۲

اصل الفاظ ہیں اِذَا شِئْنَا بَدَّلْنَآ اَمْثَا لَھُمْ تَبْدَیْلًا۔ اِس فقرے کے کئی معنی ہو سکتے ہیں۔ ایک یہ کہ ہم جب چاہیں انہیں ہلاک کر کے اِنہی کی جنس کے دوسرے لوگ اِن کی جگہ لا سکتے ہیں جو اپنے کردار میں اِن سے مختلف ہوں۔ دوسرے یہ کہ ہم جب چاہیں اِن کی شکلیں تبدیل کر سکتے ہیں، یعنی جس طرح ہم کسی کو تندرست اور سلیم الاعضاء بنا سکتے ہیں اُسی طرح ہم اِس پر بھی قادر ہیں کہ کسی کو مفلوج کر دیں، کسی کو لقوہ مار جائے ، اور کوئی کسی بیماری یا حادثے کا شکار ہو کر اپا ہج ہو جائے۔ تیسرے یہ کہ ہم جب چاہیں موت کے بعد اِن کو دوبارہ کسی اور شکل میں پیدا کر سکتے ہیں۔