اس رکوع کو چھاپیں

سورة القارعة حاشیہ نمبر۵

اصل الفاظ ہیں اُمُّہٗ ھَاوِیَۃٌ ” اُس کی ماں ھاویہ ہو گی۔“ھاوِیَہ ھوٰی سے ہے جس کے معنی اونچی جگہ سے نیچی جگہ گرنے کے ہیں، اور ھاوِیہ اُس گہرے گڑھے کے لیے بولا جاتا ہے جس میں کوئی چیز گرے۔ جہنّم کو ھاویہ کے نام سے اس لیے موسوم کیا گیا ہے کہ وہ بہت عَمِیق ہو گی اور اہلِ جہنّم اس میں اوپر سے پھینکے جائیں گے۔ رہا یہ ارشاد کہ اس کی ماں جہنّم ہو گی ، اِس کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح ماں کی گود بچے کا ٹھکانا ہوتی ہے، اسی طرح آخرت میں اہلِ جہنّم کے لیے جہنّم کے سوا کوئی ٹھکانا نہ ہوگا۔